Hinduism : Status of Parents in Urdu | Parents Rights in Hinduism

 ہندومت مذہبی  کتابوں،سمرتی اور سروتی میں والدین سے حسن سلوک ، محبت ، احترام اور خدمت کرنے کی تعلیمات  موجود ہیں ۔

ہندومت میں والدین کے حقوق کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ ہندومت میں بچوں کا دھرم ہے کہ وہ اپنے والدین کے شکر گزار ہوں۔ جوانی اور بڑھاپےمیں ان کا خیال رکھیں ۔ان کی باتوں کو توجہ سے سنے ، بے ادبی نہ کرے  ۔ اگر اولاد والدین  سے نارو سلوک کرتی ہے تو اس پر ہندو دھرم اولاد کے لیے سخت سزا ئیں بھی بتاتا ہے۔

بدھ مت میں  والدین کا مقام و مرتبہ
ہندومت اور والدین کے حقوق

ہندومت او ماں کا مقام

ہندو دھرم میں ماں کو "ماتا " کہا جاتا ہے ۔جیسے کہ درگاہ ماتا ،" اچاء شکتی " (قوت ارادی ) کامنبہ ہے ، لکشمی ماء  " گیان شکتی " (علم کی طاقت) رکھتی ہے  اور سرسوتی ماتا " کریا شکتی " (سرگرمی کی طاقت) رکھتی ہے ۔

ہندو مت میں ماں کی اپنے بچوں سے بے پناہ  اور لازوال محبت پر کہانیاں اور مذہبی آیات ہیں جن میں ماں کی تعظیم و عزت  بیان کی گئی ہے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ ماں اپنے بچوں  سے محبت ، قربانی ، رواداری اور بے لوث خدمت جیسی خصوصیات کا ایک مکمل مجسمہ ہے۔

منو دھرم شاسترمیں ماں کا مقام و مرتبہ باپ اور استاد سے زیادہ بتایا گیا ہے : 

" اچاریہ ،اپاد ہیہ سے دس گنااور  باپ ،اچاریہ سے سو گنا( زیادہ  محترم )ہے لیکن ماں، باپ  سے بھی ہزار گنا زیادہ واجب الاحترام ہے۔"[1]

منو دھرم شاستر سے ماں کی اہمیت اور مقام و مرتبہ پرچند مزید  آیات :

" مقدس روایات کی رو سے عورت کو دھرتی ماں قرار دیا گیا ہے۔ "[2]

" عورتوں کو مائیں اور مردوں کو باپ بننے کے لیے پیدا کیا گیا ہے۔"[3]

" جہاں عورتوں کی عزت کی جاتی ہے، دیوتا خوش رہتے ہیں ، جہاں ان کی تکریم نہیں ہوتی کسی طرح کی مقدس رسوم پھل نہیں لاتیں۔"[4]

" بچپن میں اپنے والد ،جوانی میں شوہر اور بڑھاپے میں اپنے بیٹے کی خفاظت میں رہے گئی ۔ عورت کبھی آزادانہ زندگی گزرانے کے قابل نہیں ہوتی۔"[5]

"بیٹا قابل مذمت ہے جو اپنی ما ں کی خدمت نہیں کرتا جبکہ اس کا خاوند بھی وفات پا چکا ہو۔"[6]

ہندومت اور باپ  کا مقام

ہندودھرم میں باپ کو  " پتا " کہتے ہیں۔۔رگ وید میں لکھا ہے :

" انہوں(Indra) نے اپنے باپ کے لیے ایک محل بنایا ، بڑی تدبیر سے ان کے لیے ایک عظیم اور شان دار مکان فراہم کیا۔"[7]

منو دھرم شاسترکے مختلف ابواب میں باپ کی اہمیت اور مقام و مرتبہ پرچند مزید آیات:

                " مردوں کو باپ بننے کے لیے پیدا کیا گیا ہے۔"[8]

" اچاریہ ،اپا دہیہ سے دس گنااور  باپ ،اچاریہ سے سو گنا زیادہ  محترم ہے ۔"[9] 

"جنم دینے والےباپ اور جنم دینے کے ساتھ ویدوں کی تعلیم دینے والے   دو میں سے موخر الذکر زیادہ واجب الاحترام ہے۔  اس لیے کہ وہ ویدوں  سے پیدا شدہ اس  (زندگی) کے بعد از موت ، دونوں صورتوں میں (ابدی ) صلے کی ضمانت ہے " [10]

ہندومت اور والدین  کی  اطاعت و فرمابرداری

ہندومت میں دیوی  پاروتی ایک طاقت ور ماں ہے  جو کہ ایک  مہربان دیوی کے نام سے جانی جاتی ہے اس کے مختلف اوتار ہیں پاروتی کو Mother Goddess بھی کہا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ 'ماں کالی ' اور ' ماں دُرگا' بھی پاروتی کے اوتا ر ہیں ۔دیوی پارورتی بھگوان شیو کی اہلیہ تھی۔دیوی پاروتی اپنے والدین   کا احترام اور اطاعت کرتی تھی ۔

شیو مہا پران کے باب 5 کے سیکشن 2 کی آیت 82 میں لکھا  ہے ،جب دیوی پاروتی  نے توبہ کرنے کا ارادہ کیا تو  سب سے   پہلےدیوی  پاروتی نے والدین کی اجازت طلب کی :

" دیوی پاروتی ( Parvati )نے توبہ کااردہ کیا   اوراِس کے لیےاُس نے اپنے والدین سے اجازت لی ۔ " [11]

رگ وید میں لکھا ہے:

"  میرے نزدیک خوبصورتی سے زیادہ  خوبصورتی یہ ہے جب بیٹا اپنے والدین کے راستے کی دیکھ بھال کرے۔" [12]

ہندومت اور والدین کا احترم و عزت 

ہندومت میں  ماں اور باپ واجب اور قابل احترام ہیں ۔ہندو  دھرم کے مطابق ،بچوں کو چاہے کہ وہ والدین سے پیار کریں ،والدین کے جذبات کو مجروح نہیں کرنا چاہے بلکہ ان دونوں کا احترام کرنا چاہے ، احترام کا تقاضا ہے کہ والدین کے ساتھ نرمی ، فرمابرداری کا رویہ اپنائے۔    والدین کے آگےجھک کر اور ان کے پاؤں کو عاجزی کے ساتھ چھوا جائے  اور ترجیح کے مطابق ،" نمستے ، پرانام یا سیتا رام "  جیسے الفاظ بولیں ۔

منو دھرم شاستر میں  ماں باپ سے جھگڑا نہ کرنے کے بارے میں لکھا ہے  :

" اپنے ماں باپ ، رشتہ دار خواتین، بھائی ، بیٹے ، بیوی ، بیٹی اور خدمت گاروں کے ساتھ جھگڑا نہ کرنا۔"[13]

ہندومت اور  بوڑھے والدین کی خدمت

ہندودھرم  میں  " ماتا "  ، " پتا "   کی خدمت کرنے کو " ایشور" کی پوجا  کرنے کے سمان مانا جاتا ہے۔ستیارتھ پرکاش میں سوامی دیانند  لکھتے ہیں:

" ماں باپ آچاریہ اور اتیتھی کی خدمت کرنے کو پوجا کہتے ہیں اور جس جس کام سے جہان کی بہود ہو وہ کام کرنا اور نقصان پہنچانے  والے کام کو چھوڑ دینا یہ انسان کا اعلیٰ فرض ہے۔"  [14]

والدین کی خدمت اور شروان کمار کی کہانی

رامائن کی کہانیوں میں سے  ایک کہانی ،ایک لڑکا جس کا نام شروان کمار تھا ۔ اس کے ماں اور باپ  دونوں اندھے اور بوڑھے تھے ۔ شروان ان دونوں کی دیکھ بھا ل  کے ساتھ ساتھ گھریلو کام کاج بھی کرتا تھا۔ کیونکہ اس کے والدین دیکھنے کے قابل نہ تھے ۔

 شروان ایک ذمہ دار بیٹا تھا اور اپنی ساری ذمہ داریاں وہ خوش سلوبی سے پوری بھی کرتا تھا ۔وہ واپنے والدین کو خوش رکھنے اور ان  کی ساری خواہشات کو پوری کرنے کی کوشش بھی کیا کرتا تھا۔اس  کے والدین کی خواہش تھی کہ وہ یاترا پر جائے ، شروان نے اپنے والدین کی اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے ایک ترازو نما آلہ بنا یااور ایک طرف اپنی ماں کو اور دوسر ی طرج اپنے باپ کو اس پر بیٹھا یا اور اپنے کندھوں  پر  اس  ترازو نما آلے کو رکھ کر سفر کا آغاز کیا ۔

راستے میں شروان اپنے والدین کے کھانے پینے  اور ان کے آرام کا بھی خیال رکھتا  رہا۔ تاہم جنگل میں جب وہ اپنے والدین کے لیے پانی لینے کے لیے ندی کنارے گیا اور  بادشاہ Dacaratha جو شکار کے لیے جنگل میں آیا ہواتھا، اس کے غلط فہمی کی وجہ سے شروان کمار تیر کے وار سے مر گیا تھا۔

شروان کمار کی اس کہانی  سے والدین کی اطاعت ، خدمت ، محبت اور حسن سلوک کی تعلیمات ملتی ہیں   اور یہ بھی والدین کا مقام و مرتبہ اس قدر بلند ہے کہ بچہ ان کی خدمت کرتے ہوے اگر جان بھی دے تب بھی وہ ان کو قرض ادا نہیں کر سکتا۔[15]



 منو ، منو دھرم شاستر، (ارشد رازی)، لاہور: نگارشات پبلشرز،2007 ء، 2 : 144 ، ص : 55 [1]

 منو ، منو دھرم شاستر9 : 33 ، ص : 210 [2]

 منو ، منو دھرم شاستر9 : 96 ، ص : 216 [3]

 منو ، منو دھرم شاستر3 : 56 ، ص : 71[4]

 منو ، منو دھرم شاستر9 : 3 ، ص : 203 [5]

 منو ، منو دھرم شاستر9 : 4 ، ص : 203 [6]

[7] The Vedas, 1 RegVeda, Mandola:3 ,Mantra:31  ,V:12

 منو ، منو دھرم شاستر9 : 96 ، ص : 216 [8]

 منو ، منو دھرم شاستر2 : 144 ، ص : 54 [9]

 منو ، منو دھرم شاستر 2 : 145 ، ص : 55 [10]

[11]  The Puranas, Shiva Maha-Purana,Chp:5.2,V :5.2.82

[12]  The Vedas, 1 RegVeda, Mandola:10,Mantra:32, V:3

 منو ، منو دھرم شاستر4 : 176 ، ص : 110 [13]

  سوامی دیا نند سرسوتی ، ستیارتھ پرکاش، سملاس دسواں ، ص: 352 [14]

[15] Manmatha Nath Dutt, The Ramayana,B: 1 Balakandam, S:LXlll, P:364 

Post a Comment

0 Comments